27 جون 2013 - 19:30
قوموں کے خلاف بڑی طاقتوں کے ظلم و ستم کا زمانہ ختم ہوچکا

سپاہ پاسداران کے کمانڈر ان چيف جنرل محمد علی جعفری نے کہا ہےکہ قوموں کے خلاف بڑی طاقتوں کی یکہ تازی اور ظلم و ستم کا زمانہ ختم ہوچکا ہے۔

ابنا: جنرل محمد علی جعفری نے ایران کے مغربی شہر سردشت پر عراق کے سابق بعثی ڈکٹیٹر صدام کی کیمیاوی بمباری کو چھبیس برس گذرنے کی موقع پرپیغام جاری کرکے کہا ہےکہ ایرانی عوام اس بات کا موقع ہرگز نہیں دیں گے کہ دوبارہ طرح کے جرائم کا ارتکاب کیا جاسکے۔جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں شہری اور دیہی علاقوں پر بالخصوص مغربی علاقوں پربعثی دشمن نے وسیع پیمانے پر کیمیاوی ہتھیار استعمال کئے تھے جس کے نتیجے میں آٹھ ہزار افراد شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملت شام، حزب اللہ لبنان اور غزہ کے مظلوم عوام کےخلاف کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال امریکہ کی پھٹو حکومتوں اور صیہونی حکومت کے جرائم کی کھلی مثال ہے جس پر عالمی برادری خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ واضح رہے ایران کے مغربی سرحدی  شہر سرٹشت کو عالمی سطح پر کیمیاوی ہتھیاروں کا شکار ہونے والا پہلا شہر قراردیا گيا ہے۔ صدامی فوج نے جون انیس سو ستاسی کو شہر سردشت پر وحشیانہ کیمیاوی بمباری کی تھی جس میں آنا فانا چار ہزار چھے سو افراد شہید ہوگئے تھے۔ عراق کے سابق خونخوار ڈکٹیٹر صدام نے انیس سو پچاسی سے انیس سو اٹھاسی تک عراق کی سرحد سے ملے ایرانی شہروں اور دیہی علاقوں منجملہ سردشت، حلبچہ اور بہت سے دیگر علاقوں پر کیمیاوی بمباری کی تھی۔ ان وحشیانہ حملوں میں ہزاروں مرد، خواتین بچے اور مارے گئے ہیں اور دسیوں ہزار زخمی ہوئے ہیں اور آج تک ان ہتھیاروں سےآنے والے مہلک زخموں کے عذاب میں مبتلا ہیں۔ ......./169